(١) تقلید ایسے مجتہد کی جائز ہے، جسمیں درج ذیل شرائط موجود ہوں:
مرد، عاقل، بالغ، شیعہ اثناعشری، حلال زادہ، آزاد، زندہ اور عادل ہونا اور اظہریہ ہے کہ وہ دوسرے مجتہدوں سے اعلم بھی ہو (اعلمیت کامعیاریہ ہے، کہ وہ احکام خداوندی کااستنباط کرنے میں زیادہ مہارت رکھتا ہو). یادوسرے مجتہدین کے ساتھ علم و اجتہاد میں مساوی ہو، اور اگر اعلم کی شناخت یااسکا فتوی حاصل کرنا مشکل ہو، یعنی باعث عسر و حرج ہو، تواس صورت میں الاعلم فاالاعلم کے حفظ مراتب کاخیال رکھتے ہوئے، دیگر مقررہ شرائط کی موجودگی میں غیر اعلم مجتہد کی تقلید کرسکتا ہے۔
(٢) اگر دو مجتہدوں میں سے ایک اعلم ہو (یعنی زیادہ علم والا ہو) اور دوسرا اورع ہو (یعنی تقوی میں سب سے آگے ہو) جبکہ باقی جہات میں، دونوں مساوی ہوں تو اظہر یہ ہے کہ اعلم کی طرف رجوع کیا جائے گا، اور اگر علم کے اعتبار سے مساوی ہونیکی صورت میں ان میں سے ایک، دوسرے سے اعدل و اورع ہو یعنی عدالت و تقوی میں سب سے آگے ہو، تواس صورت میں اعدل کے قول کوتر جیح دینا بلا وجہ نہیں ہے ۔